دولت مشترکہ کے ممالک بچوں کو بہتر تحفظ دینے کے لئے اقدامات کریں ، ملالہ

Malala

Malala

لندن (جیوڈیسک) ملالہ یوسف زئی نے کامن ویلتھ ڈے کے موقع پر دولت مشترکہ کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کریں۔ لندن کے ویسٹرن منسٹر ایبے میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ آج یہاں موجود ہونا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے، دولت مشترکہ کا فورم دراصل اقوام عالم کے لئے ایک خاندان کی طرح ہے جس میں رنگ، مذہب اور صنف کی کوئی تفریق نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسکول جاتے بچوں کو روز کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے پاکستان، بھارت اور بیشتر افریقی ممالک میں تعلیم کے حصول میں بہت سی رکاوٹیں ہیں، جس میں غربت، تشدد اور ثقافتی رکاوٹیں شامل ہیں۔

ملالہ نے دولت مشترکہ کے ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر بچے اور بچی کی اسکول میں 100 فیصد حاضری کو یقینی بنانے اور بچوں کو جبری مشقت اور انسانی اسمگلنگ سے بچانے کے لئے اقدامات کریں۔ تقریب میں ملکہ الزبتھ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔