طالبان کمیٹی جمعرات کو شمالی وزیرستان جائے گی

Chaudhry Nisar, Maulana Sami ul Haq

Chaudhry Nisar, Maulana Sami ul Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان سے طالبان کمیٹی کی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ طالبان کمیٹی جمعرات کو طالبان سے بات چیت کے لیے شمالی وزیرستان جائے گی۔ اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ملاقات میں مولانا سمیع الحق نے مذاکرات کیلئے نئی حکومتی کمیٹی کے قیام پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طالبان کمیٹی دورہٴ شمالی وزیرستان کے دوران حکومتی کمیٹی کی طالبان کے ساتھ براہِ راست بات چیت کیلئے جگہ اور وقت کا تعین کرے گی، اس کے بعد حکومتی کمیٹی فوری طور پر شمالی وزیر ستان کا دورہ کر ے گی اور طالبان سے باضابطہ بات چیت کا آغاز کردیا جائے گا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان جانے کیلئے طالبان کمیٹی کو ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چودھری نثار سے ملاقات میں طالبان کمیٹی نے حکومتی کمیٹی کسی ایک رکن کو بھی میران شاہ لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔