لندن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ اور قومی سلامتی سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ مذاکرات کے ذریعے حکومتی عملداری قائم ہو۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ طالبان پاکستانی حکومت کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں۔ حکومت اپنی رٹ قائم کر کے رہے گی، ضرورت ہوئی تو ایکشن بھی کریں گے۔ یورپی یونین یا کسی اور ملک کو طالبان کے حوالے سے کوئی شرط رکھنے کی ضرورت نہیں۔ ہماری اپنی پالیسی بہت واضح اور جامع ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان میں امن ہونا چاہئے، افغانستان میں خانہ جنگی نہیں ہونی چاہئے۔