کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ چیف کوچ معین خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں شروع ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے کھلاڑیوں کو غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہو گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں فاسٹ بالنگ کا شعبہ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، ٹی ٹوئنٹی ایک مختصر فارمیٹ ہے اس میں پیش گوئی کرنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے لئے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
معین خان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیمیں اپنے حریف کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں لیکن جو ٹیم صورت حال سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہو گئی وہی کامیاب ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس دنیا کے بہترین بلے باز اور بالر موجود ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو شکست سے دوچار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 21 مارچ سے بنگلہ دیش میں شروع ہونے جا رہا ہے اور ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔