تھر میں قحط اور موت کے ذمہ دار حکمران ہیں : آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی : تھر میں قحط و موت کے ذمہ دار متعلقہ وزیر افسران اور ادارے ہی نہیں بلکہ مقامی حکومتوں کا نظام ختم کرنے والے حکمران ‘ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کرنے والی حکومتیں اور تاخیر کیلئے مہلت عطا کرنے والی عدالتیں بھی ہیں۔ تھر میں بھوک سے ہلاک ہونے والے تمام بچوں کا مقدمہ قتل حکمرانوں ‘ وزیروں ‘ سیاستدانوں اور بلدیاتی انتخابات کیلئے بار بار مہلت فراہم کرنے والے ججوں کے علاوہ الیکشن کمیشن کیخلاف بھی چلایا جانا چاہئے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘ سینئر رہنما شاہد قریشی اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کہا کہ ملک و قوم کے اصل غدار مشرف کو غدار کہنے اور قراردینے کیلئے گٹھ جوڑ کرنے والے وہ تمام لوگ ہیں جو عوامی مفادات پر ذاتی مفادات کو فوقیت دیکر عوام کو موت کی جانب دھکیل رہے ہیں جبکہ مشرف نے ملک و قوم کو ترقی یافتہ ‘ خوشحال ‘ محفوظ اور پر امن بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے جو ان کی حب الوطنی اور عوام دوستی کا ثبوت ہے۔

اے پی ایم ایل رہنما نے کہا کہ پرویز مشرف کا مقامی حکومتوں کا نظام نہ صرف عوام کو منتخب نمائندوں کے احتساب کا حق دیتا تھا بلکہ منتخب نمائندوںکو بھی عوامی خدمت اور مسائل کے حل کیلئے مو¿ثر و مثبت اقدامات کے فریضے کی ادائیگی کا پابند بناتا تھا یہی وجہ ہے کہ مشرف کے دور میںملک کے ہر کونے میں یکساں و تاریخ ساز بلدیاتی ترقی ہوئی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوئے جبکہ ہر آفت و مصیبت سے قبل پیش بندی کے ذریعے عوام کو ان کے نقصانات و مضمرات سے بھی محفوظ بنایا گیا مگر حکمرانوں نے سیاسی مفادات کیلئے اس نظام کو ختم کرکے عوام کو بے یارومددگار کردیا ہے جس کی وجہ سے انسانی المئیے رونما ہورہے ہیں ‘ لوگ مررہے ہیں ‘ عزتیں پامال کی جارہی ہیں مگر بقول جمشید دستی پارلیمنٹ میں بیٹھے نمائندے شراب و شباب اور رقص و سرود کی محفلیں سجارہے ہیں یااربوں خرچ کرکے ثقافتی شو کے نام پر ناچ گاکر عوام کی بھوک کا جشن منارہے ہیں۔