پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے نواحی علاقے چمکنی میں سابق سینیٹر کے دو بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے سابق سینیٹر سمیت گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر عبدالرحمن کے دو بھائیوں کو گھر کے سامنے ہی فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ وہ فائرنگ کی آواز سن کر گھر سے باہر آئے تو دونوں بھائیوں کی لاشیں پڑی تھیں۔
پولیس نے عبد الرحمن اور ان کے محافظوں سمیت گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
سابق سینیٹر کے مقتول بھائی عبدالودود پشاور کے ایک بڑے دینی مدرسے کے مہتمم تھے جبکہ دوسرے بھائی اسحاق پشاور میں کاوربار کرتے تھے۔
عبدالرحمن مشرف دور میں مہمند ایجنسی سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور پرویز مشرف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔