لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میں بھی آج سے سی این جی اسٹیشن کھل گئے۔ صارفین نے سی این جی کی دستیابی پر سکھ اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ سوئی نادرن گیس کمپنی کے شیڈول کے مطابق تمام سی این جی اسٹیشن ہفتے میں 3 دن جمعہ ہفتہ اور اتوار کو کھلا کریں گے۔
آج اسٹیشن صبح 6 بجے کھل گئے تاہم رات ہی سے گاڑیوں کی قطاریں لگنا شروع ہو گئی تھیں۔ صارفین نے 3 ماہ بعد سی این جی کی دوبارہ فراہمی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی این جی گیس کے بغیر کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا تھا خصوصا جن کا ذریعہ معاش گاڑی چلا کر روزی کمانا تھا گھر میں فاقوں تک نوبت پہنچ گئی تھی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کوئی ایسا مستقل لائحہ عمل طے کرے کہ سی این جی کی مسلسل دستیابی ممکن ہو سکے۔