کراچی میں جرائم کے خاتمے تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا: نواز شریف

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) صنعتکاروں کو ایکسپورٹ ٹرافی دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ تاجر برادری پاکستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ تاجر ملکی ترقی کیلے اچھا جذبہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا تجارتی مرکز ہے جس پر خصوصی توجہ دینا بہت ضروری ہے۔ کراچی میں امن بحال کرنے کیلئے آپریشن شروع کیا گیا اور ملکی ترقی کیلئے انتہا پسندی، دہشتگردی اور جرائم کا خاتمہ کرنا ہو گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سندھ کی اہم سیاسی جماعت ہے خوشی کی بات ہے سندھ کی سیاسی جماعتیں اور تاجر برادری اکٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جب تک جرائم سے پاک نہیں ہو جاتا، آپریشن جاری رہے گا۔

امن و امان کے باعث لوگ پاکستان آنے سے گریز کرتے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے سسٹم میں 1200 سے 1400 میگا واٹ کا اضافہ ہو رہا ہے۔ 3300 میگا واٹ بجلی کیلئے چین سے بات چیت جاری ہے اور پورٹ قاسم میں کوئلے سے چلنے والے 660 میگا واٹ بجلی کے 2 منصوبے قائم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے تھر میں بجلی کے 10 منصوبے لگانے کا اعلان کیا ہے اور تھر میں پلانٹ لگانے کے لیے بہت سی کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی لاہور موٹروے پر جلد کام شروع ہو گا۔