لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں احتجاجی نرسیں پنجاب حکومت کی 3 سالہ کنٹریکٹ دے کر ریگولر کرنے کی پیش کش پر 2 دھڑوں میں بٹ گئیں۔ ایک دھڑا واپس ڈیوٹی پر چلا گیا ہے، جبکہ دوسرے دھڑے کا کہنا ہے کہ مستقل کئے جانے تک ان کا دھرنا جاری رہے گا۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کے مطابق صوبائی حکومت نے ایڈہاک نرسز کو 3 سالہ کنٹریکٹ دیکر مستقل کرنے کا قانونی راستہ نکالا ہے، جس سے ایڈہاک نرسوں کامستقبل محفوظ بنا دیا گیا ہے۔
جنرل اسپتال لاہور کی انتظامیہ کے مطابق حکومتی پیش کش کے بعد احتجاجی نرسیں ڈیوٹی پر واپس آ گئی ہیں۔ دوسری جانب نرسوں کا دوسرا دھڑا چھٹے روز بھی مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیئے ہوئے ہے۔
ان نرسوں نے حکومتی پیش کش پر دھڑے بندی کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ مستقل کئے جانے تک احتجاج جاری رکھیں گی۔