سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب نے نواز شریف کو سالگرہ پر تحفے میں ڈیڑھ ارب ڈالر دیے ہیں تو ان سے بڑا خوش نصیب دنیا میں کوئی نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سکھر کے سول اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میں پہلے دن سے یہ سوال اٹھارہا ہوں کہ اتنی جلدی میں ملنے والے یہ ڈیڑھ ارب ڈالر کس مد میں ملے ہیں کیونکہ اگر کوئی تحفہ دیتا ہے تواس کے بدلے میں بہت کچھ لے لیتا ہے۔ اگر ایسا کچھ ہے تویہ بات بہت خطرناک ہے۔ فیصل رضا عابدی کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ وہ تو مارشل لاکا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
مخدوم امین اور قائم علی شاہ کے مابین اختلافات گھر کا معاملہ تھا۔ ایم کیوایم پیپلزپارٹی ملاقات پر ان کا کہنا تھاکہ سیاستدانوں کے درمیان ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔ نہیں ہوں گی اور دوریاں ہوں گی تو خطرناک نتائج آئیں گے۔
تھرمیں آبادی کے حساب سے زیادہ 60 ہزار ٹن یعنی 12 لا کھ بوری گندم موجود ہے۔ اس کے باوجود ضرورت پڑی تو فصل آتے ہی دے دی جائے گی۔ بعدازاں قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ کو سکھر سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جاوید شیخ نے اسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
خورشید شاہ نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسپتال میں بند تمام یونٹس کھولے جائیں اور علاقے کے لوگوں کو کراچی، لاہورو دیگر شہروں کی طرز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انھیں علاج معالجے کے لیے سکھر کے علاوہ کسی اور شہر جانانہ پڑے۔ ان کاکہنا تھاکہ اسپتال کے بجٹ میں اضافے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں گے۔