کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق وفاقی و صوبائی وزراء داخلہ کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے کیس میں مرکزی ملزم پرویز مشرف کے ضامن کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت جج طارق انور کاسی پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کی، اس موقع پر عدالت میں سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاواور سابق صوبائِی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی موجود تھے، عدالت نے کیس میں آفتاب شیرپاو اور شعیب نوشیروانی کی دائر کردہ ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
دوسری جانب عدالت نے کیس میں نامزد مرکزی ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے عدالت سے مسلسل غیر حاضری کی بناء پر متعلقہ حکام کو ان کے ضامن کے وارنٹ گرفتاری جاری کر نے کا حکم دے یا اور کیس کی سماعت سات اپریل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ اس سے قبل عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کے چار بار پراڈکشن آرڈر جاری کئے جاچکے تھے۔