اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے امن مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد کر دیا ، درخواست گزار سے پندرہ روز میں کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن طلب کر لیا۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کیخلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے سماعت کی۔ شہری شاہد اورکزئی کی جانب سے حکومتی کمیٹی کی تشکیل کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ طالبان کیساتھ مذاکرات کیلئے تشکیل دی جانیوالی کمیٹی میں عوامی نمائندے نہیں ، اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل نئی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
عدالت نے اعتراض عائد کیا ہے کہ درخواست کے ساتھ حکومتی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن نہیں لگایا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو پندرہ دن میں کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔