ملائیشین طیارہ گیارہویں روز بھی لاپتہ ، دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن

Search Operation

Search Operation

کوالالمپور (جیوڈیسک) ملائیشیا کے لاپتہ ہونے والے طیارے کا گیارھویں روز بھی کچھ پتہ نہ چل سکا ، چینی حکام نے اپنے شہریوں کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے ، امریکا نے لاپتہ طیارے کی تلاش کو تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن قرار دیا۔

ملائیشیا کے بدقسمت بوئنگ 777 طیارے نے نہ جانے کس دیس اڑان بھری ،چھبیس ممالک اور تیس لاکھ افراد انتہائی جدید ٹیکنا لوجی کے ساتھ طیارے کا کھوج لگانے میں ناکام ہیں۔مسافروں کے لواحقین پل پل جی مر رہے ہیں۔

امریکی تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ طیارے کے کاک پٹ میں موجود کسی شخص نے کمپیوٹر پروگرام کے ذریعے طیارے کا رخ موڑا۔چینی حکام کے مطابق طیارے میں سوار ان کے ایک سو تریپن شہریوں کی مکمل تحقیقات کی گئیں ہیں۔کوئی بھی شہری دہشت گردی کے کسی بھی واقعے میں ملوث نہیں، چین نے اپنی حدود میں بھی طیارے کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ادھر امریکی ادارے ڈیجٹل گلوب کا کہنا ہے ملائیشیا کے طیارے کی تلاش دنیا کا سب سے بڑا تاریخی سرچ آپریشن ہے جس میں چوبیس ہزار مربع کلومیٹرعلاقہ شامل ہے۔طیارے کی تلاش کیلئے پانچ ہائی ڈیفینیشن سیٹلائٹس 25 کروڑ 70 لاکھ تصاویر اور نقشے جاری کر چکے ہیں۔