ویسٹ انڈین اسپنرز ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، سنیل نرائن

Sunil Narine

Sunil Narine

ڈھاکہ (جیوڈیسک) ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نرائن کا کہنا ہے کہ اسپنرز ویسٹ انڈیزکو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ویسٹ انڈیز کے نمبر ون اسپنر سنیل نرائن کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل کے دفاع کے لئے ویسٹ انڈیز کے سلو بالرز اہم کردار ادا کریں گے لیکن دن کے اختتام پر یہ کھلاڑیوں کی اجتماعی کارکردگی پر منحصر ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کے ٹائٹل کے دفاع کا چیلنج قبول کرنے کے لئے تیار ہیں، ہمارے پاس مجھ سمیت سیمیوئل بدری اور کرشمر سینٹوکی کی صورت میں اسپنرز کا اچھا کمبی نیشن ہے، اسپنرز میچ کے آغاز میں وکٹ لے کر مخالف ٹیم پر دبا بڑھا دیتے ہیں اور پھر میرے لئے آخر کے اوورز میں گیند کرانا آسان ہو جاتا ہے۔

سنیل نرائن کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں گیند کرانا بہت مشکل ہوتا ہے بالخصوص ابتدائی 6 اوورز میں لیکن اگر کپتان کو آپ پر اعتماد ہو تو آپ کو بھی اپنی کارکردگی سے خود کو بہتر ثابت کرنا ہوتا ہے۔ اسپنرکا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہیکہ ہرطرح کی صورت حال میں اپنی پوری کارکردگی کا مظاہرہ کروں، ہماری ٹیم میں تجربے کار میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں، اگر کھلاڑیوں نے میدان میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو امید ہے کہ ہم ٹورنامنٹ جیت لیں گے۔