لاہور (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار اوم پوری نے کہا ہے کہ پاکستان سے ملنے والی محبت کو وہ زندگی بھر فراموش نہیں کر سکیں گے۔ واہگہ بارڈر پر بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوم پوری کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہمارے 4 شو ہوئے اور چاروں کو عوام نے خوب سراہا، پاکستانیوں نے اور خصوصا لاہوریوں نے جو محبت انھیں دی ہے وہ اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے ممالک آنے جانے کی سہولت ہونی چاہیئے کیونکہ ہمارے بہت سے لوگوں کے رشتہ دار پاکستان میں جب کہ پاکستان کے بہت سے لوگوں کے رشتہ دار بھارت میں رہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آکر ضرور کھیلنا چاہیئے، کرکٹ کو جنگ نہیں سمجھنا چاہیئے بلکہ اسے کھیل کی طرح کھیلنا چاہیئے اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔