کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے نیپئر میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران لیاری گینگ وار کے 2 ملزم مارے گئے،ہلاک افراد پولیس اہلکاروں پر حملوں اور ان کے قتل میں ملوث تھے، ایڈیشنل آئی جی نے پولیس پارٹی کے لئے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق نیپئر کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کے دو کارندے مارے گئے، ہلاک ملزمان کی شناخت سنی اور سنیل کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کا تعلق شیراز کامریڈ گروپ سے تھا، ہلاک ملزمان پولیس اہلکاروں پر حملوں اور ان کے قتل میں بھی ملوث تھے،جبکہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے، دونوں ملزمان کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، پولیس مقابلے میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔