لاہور (جیوڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے ہر دلعزیز اور شہنشاہ جذبات کا خطاب پانیوالے اداکار محمد علی المعروف بڑے بھیا کی آٹھویں برسی آج منائی جائے گی۔ محمد علی کی رہائشگاہ علی زیب فردوس مارکیٹ میں ان کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی جائے گی۔ اداکار محمد علی کا تعلق بھارت کے شہر روہتک سے تھا، ان کے والد سید مرشد علی مرحوم امام مسجد تھے۔
محمد علی نے گھر والوں کی شدید مخالفت کے باوجود فنی کیرئیر کا آغاز حیدر آباد ریڈیو سٹیشن سے بطور صداکار کیا۔ اداکار ندیم نے کہا کہ محمد علی کے فن کا چراغ ہمیشہ جلتا رہیگا۔
اداکار قوی خان، فلمساز سہیل خان نے کہا کہ ان کی جادوئی شخصیت نے پاکستان سمیت پورے ایشیا کو متاثر کیا۔ مصطفی قریشی، غلام محی الدین نے کہا کہ محمد علی پاکستان کی پہچان تھے۔ مصنف وہدایتکار پرویز کلیم نے کہا کہ وہ پاکستان کے دلیپ کمار تھے۔