پاکستان سے امن اور دوستی کا پیغام بھارت لے کرجاؤں گا، رضا مراد

Raza Murad

Raza Murad

لاہور (جیوڈیسک) بھارتی اداکار رضا مراد نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے تاریخی ورثہ کو محفوظ رکھنے کے لیے جواقدامات کیے وہ قابل ستائش ہیں جب کہ لاہور میں گردوارہ ڈیرہ صاحب میں بہترین انتظامات دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔

حکومت تاریخی ورثہ کے ذریعے زرمبادلہ کما سکتی ہے لیکن اس کے لیے بہترین پالیسی بنانے اور عملدرآمد کی ضرورت ۔ہے۔ ان خیالات کااظہار رضا مراد نے گزشتہ روزتاریخی شاہی قلعہ، مینار پاکستان اور گرودوارہ ڈیرہ صاحب کی سیر کی جونہی بھارتی فنکار شاہی قلعہ میں داخل ہوئے تو وہاں موجود لوگوں نے انھیں گھیر لیا، کسی نے تصاویربنوائیں توکسی نے آٹوگراف لیا۔ اس موقع پر شاہی قلعہ کے انچارج انجم نے انھیں مختلف مقامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

شاہی قلعہ کے مختلف حصوں کی سیرکرنے کے بعد رضا مراد خاص طور پر گرودوارہ ڈیرہ صاحب گئے جہاں کے منتظمین نے انھیں گرودوارہ کی تاریخی حیثیت اور حکومت کیطرف سے دی جانیوالی سہولیات سے آگاہ کیا۔ رضا مراد کا کہنا تھا کہ لاہور میں تاریخی مقامات میں صفائی کا بہت خیال رکھا گیا ہے، مجھے یہاں آکربہت اچھا لگا اور میں یہاں سے ملنے والے امن، دوستی کے پیغام کو بھارت تک پہنچاں گا، لاہور بہت خوبصورت شہر ہے جس میں تاریخی اور جدید عمارتیں موجود ہیں۔ صاف ستھرا ماحول، کشادہ سڑکیں، شہرکے بیچ وبیچ نہر اس شہر کو دوسروں سے منفرد کرتے ہیں، پاکستان میں یہ میرا دوسرا دورہ ہے لیکن اب یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ واضح رہے کہ رضا مراد اپنے قریبی عزیزواقارب سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جا چکے ہیں۔