برطانیہ کا کریمیا کے مسئلے پر روس سے فوجی تعلقات ختم کرنے کا اعلان

British Government

British Government

لندن (جیوڈیسک) برطانیہ نے یوکرین اور کریمیا کے تنازعے پر روس سے فوجی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

برطانوی حکومت نے ریفرنڈم کے بعد کریمیا کے روس سے باضابطہ الحاق کے خلاف روس سے دو طرفہ فوجی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی سیکریٹری خارجہ ولیم ہیگ کا کہنا ہے کہ روس سے فوجی تعلقات ختم کرنے کے بعد فرانس، روس، امریکا اور برطانیہ کی روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں طے شدہ بحری مشقوں میں رائل نیوی شرکت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے یورپی یونین کے رہنماؤں کے اجلاس کے بعد روس پر مزید پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کریمیا کو آزاد ریاست تسلیم کئے جانے پر روس کو مختلف ممالک کی جانب سے تنقید اور پابندیوں کا سامنا ہے اور اس سے قبل امریکا اور یورپی یونین نے بھی روس اور یوکرین کے متعدد حکومتی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ان کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔