کراچی (جیوڈیسک) کپاس کی پیداوار 5 مارچ تک 4.8 فیصد کے اضافے سے1 کروڑ 33 لاکھ 69 ہزار 627 گانٹھوں تک پہنچ گئی تاہم یکم تا 15 مارچ تک کاٹن فیکٹریوں میں40 ہزار 960 گانٹھ کپاس پہنچ سکیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت سے40 ہزار 45 گانٹھ کم ہے۔
پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) کی جانب سے منگل کو جاری رپورٹ کے مطابق زیرتبصرہ مدت تک پنجاب میں کپاس کی پیداوارمیں 1.78 فیصدکے اضافے سے 96 لاکھ 14 ہزار295 گانٹھ جبکہ سندھ میں 10.47 فیصدبڑھ کر 37 لاکھ 55 ہزار 332 بیلز تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیاکہ 15 مارچ تک مقامی ٹیکسٹائل ملوں کی جانب سے جننگ فیکٹریوں سے مجموعی طور پر1 کروڑ 21 لاکھ 48 ہزار 634 گانٹھ روئی خریدی گئی جبکہ 3 لاکھ 69 ہزار 673 گانٹھیں مختلف ممالک کو برآمد کی گئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3 لاکھ 28 ہزار 931 گانٹھ کی ایکسپورٹ سے 12.38 فیصد زیادہ ہے، جننگ انڈسٹری کے پاس فی الوقت 8 لاکھ 51 ہزار روئی کی گانٹھوں کے ذخائر فروخت کے لیے دستیاب ہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8 لاکھ 98 ہزار 106 گانٹھ اسٹاک سے 5.20 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق 15 مارچ تک پنجاب میں 42 اور سندھ میں 3 جننگ فیکٹریاں کام کر رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال پنجاب میں129 اور سندھ میں 9 فیکٹریاں کام کررہی تھیں۔