نیویارک (جیوڈیسک) 16 سال کا لڑکا امریکی پولیس کو چکما دے کرنیویارک میں زیر تعمیر ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی آخری منزل پر چڑھ گیا، 2 گھنٹے بعد پولیس نے نیچے اتار کر حراست میں لے لیا۔ نیو جرسی کے رہائشی 16 سالہ جسٹن نے کیمرہ ہاتھ میں تھاما اور باآسانی سیکیورٹی کی دھجیاں بکھیرتا ہوا امریکا کی سب سے بلند ترین زیر تعمیر بلڈنگ ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں داخل ہو گیا۔
مزے سے لفٹ میں بیٹھ کر گراؤنڈ زیرو سے 88 ویں فلور تک پہنچا جس کے بعد باقی کی 16 منزلیں سڑھیاں پھلانگتا عمارت کے انٹینا پر جا پہنچا۔سیکیورٹی حکام کو اس وقت ہوش آیا جب جسٹن زمین سے 1,776فٹ بلندی پر پہنچ کراپنی کامیابی کا جشن منا رہا تھا۔ پولیس نے 2 گھنٹے بعد لڑکے کو گرفتار کیا جسے بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔لڑکے کا کہنا ہے کو وہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ساتھ تصاویر بنا کر فیس بْک پر پوسٹ کرنا چاہتا تھاتاہم وہ اس میں تو کامیاب نا ہوا مگر لاکھوں ڈالر کی سیکیورٹی کو ڈھیر کر گیا۔