ٹی 20 ورلڈ کپ: کوہلی اور رائنا نے بھارت کو جتوا دیا

Kohli, Raina

Kohli, Raina

میرپور (جیوڈیسک) میرپور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایک اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ بھارتی بائولرز نے اپنی نپی تُلی گیندوں سے کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو جم کر کھیلنے کا موقع فراہم نہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں بھارت کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز کا ٹارگٹ دیا جو بھارتی کھلاڑیوں نے باآسانی پورا کر لیا۔

سریش رائنا اور ویرات کوہلی نے شاندار پارٹنرشپ کے ذریعے بھارتی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ویرات کوہلی نے 36 جبکہ سریش رائنا نے 35 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ بھارتی اوپننگ بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو نہ صرف اچھا آغاز دیا بلکہ پاکستان کے کمزور ٹوٹل کے دفاع میں بھارت کو مضبوطی فراہم کی۔

بھارت کے آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں آر جی شرما نے 24، شیکھر دھون، 30 جبکہ یوراج سنگھ نے ایک رنز سکور کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے اوپننگ کی۔ کامران اکمل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 2 چوکے لگائے تاہم وہ جلد ہی رن آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

کامران اکمل کی جگہ لینے کپتان محمد حفیظ میدان میں آئے۔ میچ اس وقت سنسنی خیز صورت اختیار کر گیا جب بھارتی کھلاڑی یورواج سنگھ نے محمد حفیظ کا کیچ چھوڑ دیا جس سے بھارتی شائقین میں شدید مایوسی پھیل گئی لیکن کچھ ہی دیر بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کو اس وقت شدید مایوس ہوئی جب کپتان محمد حفیظ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور جدیجا کی گیند پر سی کمار کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔ اس فوری بعد احمد شہزاد بھی وکٹ پر نہ رکے اور وکٹوں کے پیچھے ایم ایس دھونی کے ہاتھوں سٹیمپ آئوٹ ہو گئے۔

احمد شہزاد نے 17 گیندوں پر 22 رنز سکور کئے۔ شعیب ملک بھی زیادہ دیر اپنی وکٹ نہ سنبھال سکے اور مشرا کی گیند پر رائنا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ شعیب ملک نے 20 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کو سہارا دیا اور بھارتی بلے بازوں کو پراعتماد طریقے سے کھیلا تاہم وہ بھی ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں محمد شامی کی گیند پر رائنا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

بھارت اور بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کو فتح دلوانے والے آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کا بلا بھی آج نہ چل سکا۔ بھویش کمار کی گیند پر ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ آئوٹ ہو گئے۔ ان کا کیچ بھی سریش رائنا نے ہی لیا۔ شاہد آفریدی نے 10 گیندوں پر 8 رنز بنائے جس سے ان کے شائقین کو شدید مایوسی ہوئی۔ صہیب مقصود پاکستان کے آئوٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے۔

پاکستانی اننگز کی آخری گیند پر ڈبل رنز لینے کی کوشش میں دھونی نے انھیں سٹمپ کر دیا۔ صہیب مقصود نے 11 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے مشرا نے 2 جبکہ بھویش کمار، محمد شامی اور جدیجا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ٹاس سے قبل رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم اچھا سکور کرنے کی کوشش کرینگے جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ آج کا مقابلہ اعصاب شکن ہوگا جس میں تجربہ بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر بھارت کو جیت کیلئے 131 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔