پنجاب ا ور سندھ میں ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری

 Rains

Rains

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی سے کچھ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، بلوچستان کے علاقے تفتان میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ لاہور ، ساہی وال ،ڈیرہ غازی ، جھنگ ، سرگودھا، وہاڑی اور چیچہ وطنی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں سردی بڑھ گئی ہے۔

کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں کل صبح سے جاری بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ یونین کونسل فاضلہ کچھ اور وادی چنالہ سمیت کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ سندھ میں سکھر ،شکار پور ، جیکب آباد ،لاڑکانہ ، خیرپور اور دیگرعلاقوں میں ہونے والی بارشوں سے ٹھنڈ میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ دوسری جانب چمن،پشین ، ہرنائی ، مسلم باغ اور ژوب سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی موسلادھار بارشیں ہوئی۔ بارش کی وجہ سے دالبندین کے قریب ریلوے ٹریک متاثر ہونے سے کوئٹہ اور تفتان کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت بند ہوگئی ہے۔ تفتان کوئٹہ شاہراہ پربھی پانی کھڑا ہے۔

صورت حال کے پیش نظر تفتان شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ادھر خیبرایجنسی اور ملحقہ قبائلی علاقوں میں بھی کل شام سے بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔