استنبول (جیوڈیسک) ترکی نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر شام کا لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔ لطاکیہ میں جنگجوؤں کے ساتھ لڑائی میں شامی صدر کے کزن ہلاک ہوگئے۔ ترک وزیراعظم اور حکام کے مطابق شام کا مگ 23 لڑاکا طیارہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ترکی میں گھس آیا۔
طیارے کو مار گرانے سے پہلے چار مرتبہ وارننگ دی گئی تھی۔ یہ واقعہ قصب کے علاقے میں پیش آیا جہاں شامی جنگجوؤں اور سرکاری فوج کے درمیان ایک سرحدی کراسنگ پر قبضے کے لیے لڑائی ہو رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ شامی حکومت نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے نے فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی اور وہ اپنی حدود میں جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کررہا تھا۔
اسی علاقے میں جنگجوؤں کے ساتھ لڑائی میں شامی صدر کے کزن ہلال الاسد اور اْن کی ملیشیا کے سات ارکان ہلاک ہوگئے۔