آئی ایم ایف پر انحصار کرنے اور نوٹ چھاپنے سے معیشت کمزور ہو گی

مصطفی آباد/للیانی :آئی ایم ایف پر انحصار کرنے اور نوٹ چھاپنے سے معیشت کمزور ہو گی، نواز شریف نے اس بار بھی کشکول توڑنے کی آڑ میں عوام کی کمر توڑ دی ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت مہنگائی، بیروز گاری اور دہشت گردی کا سدباب کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے ضلعی صدر محمد وسیم عباس قادری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 23مارچ کے دن ہر پاکستانی کو اپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ اس نے مملکت کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کی کس حد تک کوشش کی ہے، اس دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ وہ پاکستان کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ ہمارے آبا و اجداد نے بڑی قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا ہے۔

قیام پاکستان کے مقاصد اور کامیابیوں سے آنے والے نسلوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ قیام پاکستان کا مقصد یہ تھا کہ یہاں کے مسلمانوں کو ایک ایسی ریاست دی جائے جہاں وہ اپنی سماجی اور اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کر سکیں’ جہاں سماجی انصاف’ جمہوری قدریں اور قانون کی حکمرانی ہو۔ یوم پاکستان پر آئیے ہم ان خوابوں کا ادراک کریں جو ہمارے آبا و اجداد نے دیکھے تھے’ ہم اپنا جائزہ لیں کہ ہمیں اس ملک نے کیا دیا ہے اور ہم اسے کیا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف عدم برداشت اور قوت کے جذبے سے ہی ہم کامیابی کے راستے پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ عزم اور ہمت کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے’ پاکستان کے عوام نے ملک اور قوم کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور وہ مستقبل میں بھی اس سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی کاوشوں سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کا بہتر مستقبل یقینی بنا سکتے ہیں۔