لاہور کی فضاوں میں رم جھم جھنکار، فطرت جھوم اٹھی

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں دو روز سے چھائی برکھا رت سے جاتی سردیاں ٹھہر گئیں ، گرمی کا سوچ کرگھبرااٹھنے والے بھیگے موسم کی الوداعی مہربانیوں کا لطف اٹھانے پارکوں میں نکل آئے، آسمان پر تیرتی، اٹھلاتی سرمئی گھٹاوٴں کے بندھن کھلے تو ہر سو، رم جھم جھنکار سے فطرت جھوم اٹھی، لہراتی بل کھاتی بدلیوں کی ہر ہر انگڑائی سے فضا میں بوندوں کی پھوار پھریرے لینے لگی، خنک ہوائیں اور بوندا باندی، جاتی سردیاں رکیں تو دھڑکتے دلوں کو قرار آ گیا۔

خوشبوئیں بکھیرتے خوش رنگ پھولوں، سرو قد پودوں اور درختوں کی اٹھکیلیوں نے سماں باندھ دیا، زندہ دل شہری بھلا گھروں میں کیسے بیٹھے رہ جاتے، رنگیں رومانوی موسم کا لطف اٹھانے پارکوں میں نکل آئے۔

روپہلی بوندوں اور جھونکوں سے پارکوں میں لگے خوبصورت پھول اور کھل اٹھے، بہار کا پیام بن گئے، سرمئی بدلیوں کی انگڑائیاں، بارش کی بوندیں اور سرد ہوا کے جھونکے صرف موسم کا نام نہیں، جاتی سردیوں سے گھبرا اٹھنے والے دلوں کیلئے قرار اور چین کا بھی سندیسہ ہے۔