کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بد ترین مندی، 374 پوائنٹس گر گئے

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اینڈ گیس اور بینکنگ سیکٹرز میں حصص کی بڑے پیمانے پر فروخت کے باعث نئے کاروباری ہفتے کا آغاز بدترین مندی سے ہوا، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 374.08 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جس کے بعد انڈیکس 4 نفسیاتی حدیں کھو بیٹھا اور 26765 پوائنٹس کی حد سے گر کر 26391.41 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، مارکیٹ کے بدترین آغاز کے باعث مارکیٹ سرمائے کا حجم بھی 64 کھرب روپے کی سطح سے گر کر 63 کھرب روپے کی سطح پر آگیا، مارکیٹ سرمائے کے حجم میں 78 ارب روپے سے زائد کی کمی رہی جس کے بعد مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم گھٹ کر 63 کھرب 81 ارب روپے کی سطح پر آ گیا۔

مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اینڈ گیس و بینکنگ سیکٹر میں حصص کی بڑے پیمانے پر فروخت دیکھی گئی، کاروباری حجم میں33فیصد سے زائد کی کمی ہوئی اور کاروباری حجم 5 کروڑ سے زائد حصص کی کمی کے بعد 15 کروڑ کی سطح سے گھٹ کر 10 کروڑ 87 لاکھ سے زائد حصص پر مشتمل رہا۔