چین نے ملائیشیا سے لاپتہ طیارے کی تباہی کے ثبوت مانگ لئے، آسٹریلیا نے ملبے کی تلاش روک دی

Malaysia Aircraft

Malaysia Aircraft

بیجنگ (جیوڈیسک) چین کی حکومت نے گزشتہ روز ملائیشیا کے وزیراعظم کی جانب سے لاپتہ طیارے کی تباہی کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ثبوت مانگ لئے ہیں دوسری جانب آسٹریلیا نے خراب موسم اور اونچی لہروں کی وجہ سے ملبے کی تلاش روک دی ہے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ زی ہینگ شینگ نے بیجنگ میں ملائیشیا کے سفیر اسکندر بن سرالدین سے ملاقات کے دوران مطالبہ کیا ہے کہ ملائیشین حکام لاپتہ طیارے کے حوالے سے وہ سیٹیلائٹ ڈیٹا فراہم کرے جس کی بنیاد پر وہ طیارے کے بحر ہند میں گر کر تباہ ہونے کے نتیجے پر پہنچے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلین حکام نے خراب موسم کی وجہ سے بحر ہند میں لاپتہ طیارے کے ملبہ کی تلاش کا کام ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دیا ہے۔ آسٹریلوی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرتھ کے ساحل سے سیکڑوں کلو میٹر دور بحر ہند میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے یہ وہی جگہ ہے جہاں مبینہ طور پر ملائیشیا کا مسافر بردار طیارہ تباہ ہوا ہے، تاہم اس جگہ پر بلند لہروں، تیز ہواؤں اور گہرے بادلوں کی وجہ سے جہاز اور کشتیاں سرچ آپریشن کو جاری نہیں رکھ سکتیں اس لئے موسم میں بہتری آتے ہی دوبارہ تلاش کا کام شروع کردیا جائے گا۔