اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ خورشید شاہ کے بیان پر آصف زرداری کو تحفظات سے آگاہ کر دیا گیا ہے اوراب اعتماد سازی کے بعد ہی حکومت میں جانے کا فیصلہ کریں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی پیپلزپارٹی سے سندھ حکومت میں شمولیت پر بات چیت کررہی ہے اور اعتماد سازی کےبعد ہی حکومت میں جانے کا فیصلہ کریں گے، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم قیادت کی ہدایت کے پابند ہیں اس لیے خورشید شاہ کے بیان پر رد عمل نہیں دیا تاہم ان کے بیان پر اپنے تحفظات سے پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے ایم کیو ایم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ فوج کو مداخلت کی دعوت دینے کا بیان واپس لے ورنہ متحدہ کے ساتھ بیٹھے تو لگے گا ہم بھی ان کے مؤقف کے حامی ہیں۔