صحت مند ماحول کے قیام کے لئے گلیوں اور محلوں کی سطح پر تواتر کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے۔نشاط ضیاء قادری

کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم کے ہمراہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون سے 29اسپرے وہیکل کی مدد سے شاہ فیصل زون میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا آغاز کردیا شاہ فیصل زون کے مرکزی آفس میں اسپرے وہیکل میں ادویات ڈال کر شاہ فیصل ٹائون کی 7 یونین کونسل میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا آغاز کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ صحت مند ماحول قائم کرکے ہی صحت مند زندگی کو فروغ دیا جاسکتا ہے بلدیاتی ادارے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے ساتھ گلیوں اور محلوں کی سطح پر انسداد ڈینگی و ملیریا سمیت مہلک امراض کے خاتمے کے لئے صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنائیں۔

جراثیم کش ادویات کا اسپرے ندیوں ،نالوں سمیت گلیوں اور محلوں کی سطح پر تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران اور محکمہ صحت کے مقامی افسران کو ہدایت کی کہ امراض کے خاتمے کے لئے عوامی شعور کو بیدار کیا جائے ڈینگی ،ملیریا ،ڈائریاخصوصاً پولیو سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوامی آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ضلع میں بسنے والے ہر فرد کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا نے کے لئے تمام زونز جد وجہد تیز کردیں انہوں نے اسپرے مہم کی انجام دہی پر مامور ذمہ دران کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کے ساتھ مساجد و امام بارگاہوں اور درسگاہوں میں مکھی مچھروں سمیت دیگر حشرات الارض کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ علاقائی سطح پر صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعائون کے ذریعے صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنائی جا سکے۔