لاہور: جائیداد کے تنازع پر باپ اور 3 بیٹوں کا قتل، 1 ملزم بھی ہلاک

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں جائیداد کے تنازع پر باپ اور اس کے تین بیٹوں کو قتل کر دیا گیا۔ ایک ملزم بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ لاہور میں ہربنس پورہ کے رہائشی محمد اعجاز کا اپنی بہن سائرہ اور بہنوئی جہانگیر کے ساتھ جائیداد کا تنازع تھا۔

اسی مسئلے پر منگل کی رات پنچایت بلائی گئی۔ جہانگیر اپنے بھائی حمزہ اور چار نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ اعجاز کے گھر آیا۔ اعجاز کے سسر عمر اور ان کے تین بیٹے بھی پنچایت میں آئے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق بات چیت کے دوران جہانگیر اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی جس سے محمد عمر، اس کے تین بیٹے علی رضا، محمد اکرم ، رفاقت علی اور اعجاز کے کزن کاشف اور فہیم شہزاد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو شالیمار اسپتال پہنچایا گیا جہاں عمر اور اس کے تینوں بیٹوں نے دم توڑ دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم جہانگیر بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے اس کے ساتھی لے گئے۔ بعد میں جہانگیر کو سروسز اسپتال پہنچایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔

پولیس نے جہانگیر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاوٴس منتقل کر دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔