اچھی بات ہے کہ 90 روز سے ڈرون حملے نہیں ہوئے؛ نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لندن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پچھلے تین ماہ سے ڈرون حملے نہ ہونا اچھی بات ہے، آئندہ بھی نہیں ہونے چاہئیں، انہوں نے امید ظاہرکی کہ کراچی کے حالات بھی جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔

وزیراعظم نوازشریف ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ایٹمی سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد لندن پہنچ گئے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اچھی بات ہے پچھلے نوے دنوں سے ڈرون حملے نہیں ہوئے، آئندہ بھی نہیں ہونے چاہئیں، یہ ملکی خودمختاری کیخلاف ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے طالبان سے مذاکرات کے لیے حکومتی کوششوں کو مثبت قدم قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن کے بھی مثبت نتائج نکل رہے ہیں، کچھ عرصے میں حالات پوری طرح بہتر ہوجائیں گے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے، آئندہ سات برسوں میں بجلی کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بڑی جدو جہد کی ہے اوراسی لیے پوری دنیا پاکستان کی کوششوں کی تعریف کر رہی ہے۔