ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں مقامی شائقین کے بنگلا دیش کے علاوہ کسی اور ٹیم کی سپورٹ کرنے، یا اس کے جھنڈے لہرانے پر پابندی عائد کردی ہے جو اسپورٹس مین اسپرٹ کی بدترین انداز میں توہین ہے۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے کرکٹ فینز کو دوسری ٹیموں کی حمایت سے روک دیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دیدی کہ اگر بنگلا دیشی عوام دوسری ٹیموں کے جھنڈے لہرائے تو انہیں گراونڈ سے بے دخل کر دیا جائے۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ترجما ن کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں انہیں اوپر سے ہدایت ملی ہیں کہ کوئی بھی بنگلا دیشی شخص گراونڈ میں کسی دوسری ٹیم کا جھنڈا نہیں لہرائے گا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بلاشبہ بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کا یہ قدم ایشیا کپ کے فائنل میں کچھ بنگلا دیشی فینز کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کے بعد لیا گیا ہے، کیوں کہ بعض عناصر کو بنگلا دیشی عوام کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ ایک آنکھ نہ بھائی تھی۔