سنندا کی پراسرار موت، ششی تھرورکو کلین چٹ نہیں دے سکتے، کمشنر دہلی

Sunanda Pushkar

Sunanda Pushkar

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی موت کا معمہ اب تک حل نہیں ہوسکا، دہلی پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کو فی الحال کلین چٹ دینے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کمشنربی ایس باسی نے بتایاکہ سننداکی موت سے متعلق ملنے والے شواہدکا تمام زاویوں سے جائزہ لیا جارہاہے، تفتیش جاری رہنے تک ششی تھرور کوکلین چٹ نہیں دی جاسکتی، کوئی حتمی بات تفتیش مکمل ہونے پرہی کہی جا سکتی ہے، اس معاملے میں کسی کے بھی خلاف ایف آئی آردرج کرنا قبل از وقت ہوگا، گواہوں کے بیانات اور جائے وقوع سے ملنے والے شواہدکی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔

دوسری طرف میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ سننداپشکر کے بعض اعضا کے تجزیے سے کسی سکون آور دواکے استعمال کے شواہدنہیں ملے تاہم ان کے معدے سے سکون آور دوا کے استعمال کے شواہد ملے تھے، جس کی بناپر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ سکون آورادویہ کے استعمال کو قرار دیا گیا تھا۔