سابق صدر زرداری نے سوئس حکام سے بینظیربھٹو کا قیمتی ہار، جیولری مانگ لی

Zardari

Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے سوئس حکام کی طرف سے 1997 میں قبضے میں لیا گیا بے نظیربھٹو کا قیمتی ہار اور جیولری واپس مانگ لی، جیولری ایک آف شور کمپنی کے ذریعے مانگی گئی ہے۔ ٹسوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے وکیل فرانسس مچلی نے وزارت قانون اور پاکستانی لا فرم احمرسٹ بران کو اپنے ایک خط میں بتایا ہے ۔

کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک آف شور کمپنی بومر فنانس کے ذریعے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی قیمتی جیولری واپس مانگی ہے، جس میں تین لاکھ 23 ہزار ڈالر مالیت کا ایک قیمتی ہار اور دیگر بیش قیمت جیولری شامل ہے، یہ جیولری سوئس حکام نے 1997 میں ایس۔ جی۔ ایس اینڈ کوٹیکنا اسکینڈل کی تفتیش میں قبضے میں لی تھی۔

2008 میں این آر او قانون کے باعث کیس کی فائلیں بند ہوگئیں، مگر جیولری کا کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ پاکستانی وکیل فرانسس مچلی کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے اٹارنی نے دس دن میں جواب مانگا ہے، حکومت پاکستان انہیں بتائے وہ عدالت میں کیا موقف اختیار کریں؟۔

اس سلسلے پاکستانی لا فرم احمرسٹ براون کے بیرسٹر منور اختر نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت پاکستان کو 48 گھنٹوں میں اس درخواست کی مخالفت کردینی چاہیے ورنہ حکومت اس جیولری سے ہاتھ دھو بیٹھے گی۔اس بارے میں وفاقی سیکرٹری قانون رضا خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ وہ بیرون ملک دورے پر تھے،خط کے بارے میں وہ لاعلم ہیں۔