لاہور (جیوڈیسک) پنجاب یونیورسٹی کی طلبا تنظیم کی جانب سے احتجاج کے دوران پولیس نے کئی طلبا کو حراست میں لیا جبکہ مشتعل طلبا کے پتھراؤ کے باعث کئی اہلکار زخمی ہو گئے۔
لاہور میں کینال روڈ پر طلبا تنظیم کے مشتعل کارکنان کی جانب سے 15 روز قبل گارڈ سے جھگڑے کا مقدمہ خارج نہ کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا جارہا تھا کہ اس دوران سڑک ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بلاک کر دی گئی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر طلبا کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم طلبا نے اہلکاروں پر پتھراؤ کر دیا جس سے کئی اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس نے طلبا کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور اس دوران متعدد طلبا کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔
طلبا تنظیم کا کہنا تھا کہ پولیس نے یونیورسٹی گارڈ سے جھگڑے کا مقدمہ کئی طالب علموں کے خلاف درج کیا اور 15 روز گزرنے کے باوجود مقدمہ خارج نہیں کیا گیا جس کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا تھا کہ پولیس نے ان پر لاٹھی چارج شروع کر دیا۔