اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہوگی۔ خصوصی عدالت نے ایڈووکیٹ اکرم شیخ کی بطور پراسیکیوٹر تقرری کے خلاف درخواست پرفیصلہ محفو ظ کررکھا ہے۔ کل جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے ملزم کی جانب سے اکرم شیخ کی بطور پراسیکیوٹر تقرری کے خلاف درخواست پر دلائل سنے۔
استغاثہ ٹیم کے سربراہ اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ان کی تقرری قواعد کے عین مطابق کی گئی۔ ان کاکہناتھا ابھی ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا او ر ملزم کی طرف سے تعصب کا الزام سامنے آگیا۔
ملزم کے وکیل انور منصور نے کہاکہ اکرم شیخ متعصب ہیں اور انھوں نے ایک موقع پر کہاتھا کہ پرویز مشرف کو مار دینا چاہیے۔ اس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ مارنے کے الفاظ کہیں استعمال ہوئے ہی نہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد پراسیکیوٹر کی تقرری کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔