منگلا اور تربیلا ڈیم کسی ایک صوبے کی جاگیر نہیں: عابد شیر علی

Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

لاہور (جیوڈیسک) وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالنے پر اسمبلی میں تحریک استحقاق بھی ان کے خلاف جمع کرائی گئی ہے لیکن تحریک استحقاق آئے یا تحریک التوا وہ بجلی چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے لئے اراکین اسمبلی کو بھی تعاون کرنے کا خط لکھ دیا ہے۔

وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ اب ایسا نہیں ہو گا کہ بجلی چوروں کا بل دیانتدار صارف دے۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ کے صنعتی شعبے کی جانب سے دیگر صوبوں سے کم ٹیرف دینے کے کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ منگلا اور تربیلا ڈیم کسی کی جاگیر نہیں یہ ڈیم عوام کے ٹیکسوں سے بنے ہیں اس لئے کسی ایک کو سستی بجلی دینا مناسب نہیں ہو گا۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف واپڈا پیغام یونین نے وزیر مملکت کی لیسکو ہیڈ آفس آمد پر احتجاج بھی کیا اور گلدستہ دیکر احتجاج ریکارڈ کرانے کی کوشش کی لیکن عابد شیر علی کی گاڑی نہ رکی تاہم عابد شیر علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نجکاری کا کوئی منفی اثر نہیں ہو گا اس سے بجلی کی مجموعی صورتحال بہتر ہو گی۔