دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنا غیرمنصفانہ ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حق پرست اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئینی ترمیم کے ذریعہ دہری شہریت کے قانون کو ختم کرانے کے لئے اپنا بھرپورکردارادا کریں۔

ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کے مشترکہ اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہرماہ باقاعدگی سے خطیر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں، ہرقدرتی اور ناگہانی آفات کے موقع پر اربوں روپے امداد دیتے ہیں اور بیرون ملک ، پاکستان کا وقار بلند کرنے اور اس کے مفادات کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں انہیں پاکستانی سیاست میں حصہ لینے سے روکنے کا عمل انتہائی غیرمنصفانہ ہے، اس لئے حق پرست اراکان پارلیمنٹ دہری شہریت کے قانون کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کریں اور اس ضمن میں حکومت اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کریں۔

الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو دووقت کی باعزت روٹی فراہم کرنے ،ملک سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کرنے کے ساتھ تھراور چولستان کی بگڑتی صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سےبھی اپیل کی کہ وہ ملک کے معاشی استحکام اور اپنے مفلوک الحال پاکستانی بھائیوں کی امداد کے لئے زیادہ سے زیادہ عطیات بھیجیں۔