لاہور (جیوڈیسک) واہگہ بارڈر پر رینجرز نے بھارتی شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کاروائی میں ایک اسمگلر ہلاک اور ایک گرفتار کر لیا گیا۔
دونوں ملزمان بھارتی شراب پاکستان اسمگل کر رہے تھے کہ ناکے پر موجود رینجرز کے جوانوں نے انہیں دیکھ کر رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ رینجرز نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے ایک اسمگلر کو ہلاک کر دیا اور دوسرے کو گرفتار کر لیا۔
ہلاک ہونے والے پچیس سالہ اسمگلر آفتاب کا تعلق پتوکی سے بتایا جاتا ہے جبکہ گرفتار ہونے والے انیس سالہ اعظم سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزمان کے قبضے سےشراب کی سینتالیس بوتلیں برآمد ہوئیں۔