آئی ایم ایف کا یوکرائن کیلئے بیل آئوٹ پیکج کا اعلان

IMF

IMF

نیویارک (جیوڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے مشرقی یورپ کے بحران زدہ ملک یوکرائن کو 18 بلین ڈالر تک کے قرضے دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس بیل آئوٹ پیشکش کا مقصد یوکرائن کی بدحال معیشت کو سنبھالا دینے میں مدد کرنا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکی دارالحکومت کیف سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے اس اعلان کے بعد یوکرائنی وزیر اعظم آرسینی نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن ناگزیر مالیاتی اصلاحات کی ضرورت ہے ان میں ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا اور اس عمل میں ہر شہری کو کچھ نہ کچھ تکلیف بھی برداشت کرنا ہو گی۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی طرف سے اس پیکج کا اعلان جمعرات کو کیف میں یوکرائن کے لیے آئی ایم ایف کے مشن کے سربراہ نیکولائی جورجییف نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرائن کو 14 بلین ڈالر سے لے کر 18 بلین ڈالر تک کا بیل آئوٹ پیکج فراہم کیا جا سکتا ہے۔ یہ رقوم 10.8 بلین یورو سے لے کر 13.1 بلین یورو کے درمیان تک بنتی ہیں۔

اس بیل آئوٹ کا مقصد بحران زدہ یوکرائن کو مستقبل میں اپنے ذمہ ادائیگیوں کے قابل نہ رہنے سے بچانا ہے۔ یوکرائن کو اب تک اس کی بہت بُرے حالات کا شکار معیشت کی بہتری کے لیے کئی ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کی طرف سے یا تو قرضوں اور گرانٹس کی صورت میں ہنگامی مالی امداد مہیا کی جا چکی ہے یا اس کی فراہمی کے وعدے کئے جا چکے ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے 18 بلین ڈالر تک کے جو قرضے دینے کا پختہ عزم ظاہر کیا ہے ان کے ساتھ اگلے دو برسوں کے دوران کیف کو مختلف بین الاقوامی اداروں اور حکومتوں کی طرف سے مہیا کردہ فنڈز کی مجموعی مالیت 27 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ یوکرائن کی فوری مالی مدد کے لیے یورپی یونین بھی ایک وسیع تر پیکج تیار کر چکی ہے۔ یہ پیکج قرضوں اور ناقابل واپسی امدادی رقوم کی صورت میں آئندہ برسوں کے دوران مہیا کیا جائے گا اور اس کی کل مالیت 10 بلین ڈالر سے زیادہ ہو گی۔