مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) سعودی عرب نے مسجد حرام کے توسیعی منصوبے میں 4000 افراد کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امیر مکہ معظمہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مسجد حرام کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ حکومت جلد ہی مسجد حرام میں چار ہزار سعودی نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرے گی۔
امیر شہر شہزادہ مشعل نے مکہ مکرمہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ توسیعِ حرم منصوبہ مجوزہ پلان کے مطابق جاری ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی حرم شریف میں مزید روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ وزارت خزانہ مسجد حرام میں شہریوں کو روزگار کی فراہمی کی تجاویز پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر خالی آسامیاں مسجد کی صفائی اور اس کی حفاظت کے شعبے میں ہوں گی۔ خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے مسجد حرام کی توسیع کا منصوبہ پچھلے دو سال سے روبہ عمل ہے۔ توسیعی منصوبے میں مسجد کو شمالی سمت میں مزید چار لاکھ مربع میٹر وسعت دی جا رہی ہے۔
رش کم کرنے اور زائرین کو محفوظ بنانے کے لیے مسجد کی بیرونی گیلریوں کی کشادگی، عمارتوں کی توسیع اور ان کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ حجاج ومعتمرین کے لیے مناسک کی ادائی آسان بنانے کےلیے حرم کے گرد و پیش میں پلوں کی تعمیر بھی توسیعی منصوبے میں شامل ہے۔