تفریح سے بھرپور بالی ووڈ فلم ہوا ہوائی کا ٹریلر جاری کردیا گیا

Hawaa Hawaai

Hawaa Hawaai

ممبئی (جیوڈیسک) تفریح سے بھرپور بالی ووڈ فلم ہوا ہوائی کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا۔ فلم مشہور ہدایت کار امول گپتے کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے جو ماضی میں تارے زمین پر جیسی بلاک بسٹر فلم دے چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امول گپتے نے فلم میں ایک گانا کمپوز بھی کیا ہے اور اسے اپنی آواز میں گایا بھی ہے۔ فلم میں 80 کی دہائی میں اپنے مختلف انداز اور اداؤں سے فلم بینوں کے دل جیتنے والی بالی وڈ اداکارہ سری دیوی مہمان اداکارہ کے طور پر جلوہ گر ہوں گی جنہیں سپر ہٹ فلم ”مسٹر انڈیا” کے گانے ”کہتے ہیں مجھ کو ہوا ہوائی” سے لازوال شہرت ملی تھی اوراب وہ اس ہی گانے کے نام پر بننے والی فلم میں نظر آئینگی۔

اسکیٹنگ کے کھیل کے موضوع پر بنائی گئی یہ دنیا کی پہلی فلم ہے جس کی کہانی ایک ایسے کوچ کے گرد گھومتی ہے جو کھلاڑیوں کو جیت کی جانب گامزن کرتا دکھائی دیتا ہے۔ فلم میں اسکیٹنگ کوچ کا کردار ثاقب سلیم نے نبھایا ہے جبکہ دیگر اداکاروں میں پراگیا یادواور پارتھو شامل ہیں۔ فاکس اسٹار پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی یہ فلم 9 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائیگی۔