محمد شمیم کے علاج کے لئے 35 لاکھ روپے گزشتہ سال جاری کر دیئے گئے تھے۔ رکن اسمبلی رانا اعجاز
Posted on March 29, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور: رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری زراعت پنجاب رانا اعجاز احمد نون نے ملتان کے رہائشی محمد شمیم کے جگر ٹرانسپلانٹ اور وزیر اعلیٰ کی مالی امداد کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد شمیم جگر کا مریض تھا اور جگر کی پیوندکاری کی خاطر مالی امداد کے لیے گزشتہ سال وزیراعلیٰ پنجاب کو درخواست دی تھی۔ درخواست پر عمل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گزشتہ سال ہی علاج کے لیے مالی امداد کے طور پر 35 لاکھ روپے شیخ زید ہسپتال کے اکائونٹ میں منتقل کردئیے تھے۔
محمد شمیم ہسپتال میں داخل تھا کہ دوران علاج اس کا انتقال ہو گیا۔پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ محمد شمیم کے انتقال کے بعد اس کے بیٹے محمد وسیم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو دوبارہ درخواست دی کہ والد کی تدفین کے اخراجات کی وجہ سے وہ مقروض ہوگیاہے اس لیے اس کی مالی مدد کی جائے ،جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اسے 3لاکھ روپے مالی امداد کا چیک جاری کیا جو کہ میں نے ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل کے ہمراہ محمد وسیم کے حوالے کردیاہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ محمد شمیم کے جگر کی پیوندکاری کے لیے مالی امداد گزشتہ سال ہی فراہم کردی گئی تھی۔ موجودہ چیک کا محمد شمیم کے جگر ٹرانسپلانٹ کے اخراجات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ مرحوم کے بیٹے محمد وسیم کو مالی امداد کے طور پر جاری کیا گیا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com