میامی ٹینس؛ سرینا ولیمز اعزاز کے دفاع سے ایک فتح دور

Serena Williams

Serena Williams

میامی (جیوڈیسک) میامی ماسٹرز ٹینس میں دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز اعزاز کے دفاع سے ایک فتح دور ہیں۔ مسلسل دوسری اور ریکارڈ 7 ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلیے انھیں ہفتے کو چینی اسٹار لینا سے ٹکرانا ہو گا، سیمی فائنلز میں امریکی اسٹار سرینا نے روسی حریف ماریا شراپووا کو ٹھکانے لگایا، آسٹریلین اوپن چیمپئن لینا نے ڈومنیکا سبولکووا کا قصہ تمام کیا۔

مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے کینیڈا کے میلوس راؤنک کو 4-6 ، 6-2 اور 6-4 سے ہرا دیا، 7 سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو 6-4 ، 7-6 (7/3) سے قابو کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ سرینا ولیمز کا ہفتے کو شیڈول فائنل میں موجودہ آسٹریلین اوپن فاتح لینا سے مقابلہ ہو گا، باہمی ریکارڈز میں امریکی پلیئر کو ایشین حریف پر واضح برتری حاصل ہے، 11 مقابلوں میں 10 مرتبہ سرینا ہی فاتح بن کر کورٹ سے باہر آئی ہیں، اس کے باوجود سرینا چینی پلیئر کو آسان حریف سمجھنے پر آمادہ نہیں ہیں۔