اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے پڑھی لکھی آبادی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کرتی ہے ، معیاری تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے تعلیم سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن کہتے ہیں تعلیم ہی معاشرے کو ترقی یافتہ ملک بنا سکتی ہے۔
اسلام آباد میں تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا حکومت معیاری تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پڑھی لکھی آبادی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا صنفی امتیاز کے بغیر نوجوانوں کو سیکھنے کے یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے۔نوجوانوں کو آگے لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔
اقوم متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے تعلیم گورڈن براؤن نے کہا تعلیم ہی کسی معاشرے کو ترقی یافتہ ملک بنا سکتی ہے۔ اقوام متحدہ پاکستان کو تعلیم کے لیے 15 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا ، لڑکیوں کو سکول جانے سے کسی صورت نہیں روکا جا سکتا۔ گورڈن براؤن کا کہنا ہے ہر بچے کو سکول بھیجنے کیلئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔