میر پور (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 میں اب تک ناقابل شکست بھارتی ٹیم کی نگاہیں گروپ ٹو میں ٹاپ پوزیشن پر مرکوز ہیں،تینوں میچز میں فتوحات حاصل کرنے والی دھونی الیون نے کینگروز کو اسپن کے جال میں الجھانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں۔آسٹریلوی ٹیم ایونٹ میں بقاکی موہوم سی امید زندہ رکھنے کیلیے میدان میں اترے گی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف میچ سے فاتحانہ آغاز کرنے کے بعد دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو بھی آؤٹ کلاس کیا، بلو شرٹس میزبان بنگال ٹائیگرز کو روند کر سیمی فائنل میں قدم رکھ چکے،اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کی صورت میں انھیںگروپ ٹو کی ٹاپ سائیڈ بننے کا اعزاز حاصل ہوجائے گا، سپر 10 مرحلے میں بھارت واحد ٹیم ہے۔
جس کے بولرز نے کسی بھی حریف کو 140کا ہندسہ پار کرنے کا موقع نہیں دیا،2 مقابلوں کے مین آف دی میچ امیت مشراکی گھومتی گیندیں بیٹسمینوں کو چکراتی رہیں تو دیگر اسپنرز اور پیسرز نے بھی موثر حکمت عملی و فیلڈنگ کے مطابق بولنگ کرتے ہوئے کسی کو کھل کر اسٹروکس کھیلنے کا موقع فراہم نہیں دیا،آسان اہداف کے تعاقب میں بیٹنگ لائن نے بھی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا،ویرات کوہلی نے147رنز بنائے،روہت شرما نے 142جوڑے، جس کے بعد ٹاپ آرڈر کو زیادہ محنت کا موقع نہیں مل سکا۔