آلو کی اوسط قیمت 22 فیصد کے اضافے سے 51 روپے فی کلو ہوگئی

Potatoes

Potatoes

کراچی (جیوڈیسک) ملک میں گزشتہ ہفتے آلو کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات انڈے اور پیاز کی قیمتوں میں کمی سے زائل ہونے کے باعث افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.08 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا تاہم سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح 10.30 فیصد زائد رہی۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 27 مارچ 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاگیا، سب سے زیادہ اضافہ آلوکی قیمت میں ہوا اور ملک میں آلو کی اوسط قیمت 22.15 فیصد کے اضافے کے نتیجے میں 41.89 روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 51.17 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔

جبکہ گڑ کی قیمت 1.75 فیصد بڑھ کر 79.03 روپے فی کلوگرام، تیار سادہ چائے 1.20 فیصد کے اضافے سے 17.67 روپے فی کپ، دال مونگ 0.29 فیصد کے اضافے سے 147.65 روپے فی کلو گرام، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی0.21 فیصد بڑھ کر 223.36 روپے فی کلو گرام، لہسن 0.20 فیصد کے اضافے سے 147.71 روپے فی کلوگرام، بکرے کا گوشت 0.19 فیصد بڑھ کر 568.97 روپے فی کلوگرام اور کیلے کی اوسط قیمت 0.16 فیصد کے اضافے سے 70.29 روپے درجن ہوگئی۔