کابل (جیوڈیسک) افغان صدر حامد کرزئی نے ایک بار پھر پاکستان اور اس کی سیکیورٹی ایجنسیوں کو افغانستان میں ہونے والے حالیہ حملوں کا ذمے دار قرار دیا ہے۔ ا فغان صدارتی ترجمان کے مطابق صدر حامد کرزئی نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے براہ راست پاکستانی آئی ایس آئی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران ہونے والے کابل حملوں میں سرحد پار کی انٹیلی جنس ایجنسیاں ملوث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان کی حکومت کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ افغان طالبان حکومت سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان ان کو روک رہا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکا پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا ساتھ دے گا تو افغان امریکا تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔