کراچی (جیوڈیسک) موبائل فون سے پیدائشی اندراج، ٹیلی نار اوریونیسیف کا منصوبہ متعارف یونیسیف پاکستان اور ٹیلی نار پاکستان سیلولر ٹیکنالوجی یعنی موبائل فون کے ذریعے پاکستان میں بچوں کی پیدائش کے اندراج کی انتہائی کم شرح کو بڑھانے کیلیے ایک مشترکہ کاوش کا آغاز کررہے ہیں۔
اس شراکت داری کو باضابطہ شکل دینے کیلیے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ پیدائشی اندراج کیلیے موبائل ٹیکنالوجی کے استعمال کے اس منفرد پائلٹ پراجیکٹ کا مقصد اس عمل کو آسان بنانا اوراس میں جدت لا کراس کے ذریعے شہریوں اور دیگر شراکت داروں کو آسانی فراہم کرنا ہے۔
اپنی نوعیت کے اس منفردپراجیکٹ میں سندھ اور پنجاب کی چنندہ یونین کونسلز میں نہ صرف پیدائشی اندراج کی شرح بڑھانے کی کوشش کی جائے گی بلکہ فعال اندراجی خدمات کو شہریوں تک پہنچانے کی بھرپور کوشش بھی کی جائیگی۔
یہ پراجیکٹ، اندراجی عمل کوبہتربنانے،حکومت کیلیے منصوبہ بندی اور اعدادوشمار کے موثرانتظام کے ساتھ شہریوں کے ساتھ رابطوں اور ایم ہیلتھ خدمات کے ذریعے صحت کے ضمن میں شعور بڑھانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔